اسلاموفوبیا دنیا بھر میں ایک کڑوی اور تلخ حقیقت ہے:وزیراعلی کا تشد د اور نفرت کا نشانہ بننے والے افراد کے عالمی دن پر پیغام
دریائوں کی گزرگاہوں میں مقیم آبادیوںکا فوری انخلا ،پی ڈی ایم اے پنجاب انتظامیہ اور اداروں کو دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج سے ملحقہ علاقوں میں خصوصی انتظامات کا حکم
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے مذہبی تعصب کی بنا پرظلم سہنے والے مظلوموں کے ساتھ ہیں، دین اسلام محبت امن اور رواداری کا درس دیتا ہے، ہر سطح پر مذہبی رواداری اور باہمی احترام کافروغ ہمارا عزم ہے۔جمعہ کو عقیدے اور مذہب کی بنیاد پر تشدد اور نفرت کا نشانہ بننے والے افراد کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہماری ہمدردی مذہب تعصب کی بنا پرظلم سہنے والے مظلوموں کے ساتھ ہے،اسلاموفوبیا دنیا بھر میں ایک کڑوی اور تلخ حقیقت ہے،مساجد پر حملے،حجاب پہننے والی خواتین پر پابندیاں اور مسلمانوں کو دہشتگردی سے جوڑنے کی روش انسانیت کیلئے نشان ہے۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا فلسطین کی زمین خونِ شہدا سے سرخ ہے،معصوم بچوں کی آہیں گولیوں کی گھن گرج میں دفن ہو رہی ہیں،کشمیر کی وادیاں آج بھی صدیوں پرانے دکھوں سے لہو لہان ہیں،کشمیر اور غزہ انسانیت کے ضمیر پر سوال ہیں جن کا جواب عالمی برادری ابھی تک دینے سے قاصر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیشہ ہر اس مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں جو مذہبی بنیادوں پر ظلم وزیادتی کا شکار ہورہے ہیں،دین اسلام محبت امن اور رواداری کا درس دیتا ہے،ہر مظلوم کے ساتھ ہیں اور رہیں گے، ہر سطح پر مذہبی رواداری اور باہمی احترام کافروغ ہمارا عزم ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے امدادی ٹیموں کو بروقت متاثرہ علاقوں میں متعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر لاہور،راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، گجرات اور گوجرانوالہ کے اضلاع میں پیشگی انتظامات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب کے پیشگی الرٹس ،ایس او پیز اور ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے آبادی کے بروقت انخلا کے لئے مساجد اور لاؤڈ ز سپیکر پر اعلانات کرنے کی ہدایت کی اورسیلاب متاثرین کے علاج و معالجہ کے لئے کلینک آن ویل اور فیلڈ ہسپتال متعین کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریفمتاثرہ علاقوں میں مویشیوں کی ویکسی نیشن اور علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا اور متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو ایس ایم ایس مسیج بھیج کر آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پی ڈی ایم اے پنجاب انتظامیہ اور اداروں کودریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج سے ملحقہ علاقوں میں خصوصی انتظامات کا حکم دیا۔