پشاور کے عمران خان سٹیڈیم میں خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس منعقد کیا گیا‘بانی پی ٹی آئی کو علاج کی سہولتیں دینے کیلئے بھی قرارداد منظور کی گئی
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)عمران خان سٹیڈیم میں ہونے والے خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کے مقدمات، ملاقات پر پابندی، علاج کی سہولیات، افغانستان کی صورت حال اور مہنگائی کیخلاف قراردادیں منظور کرلی گئیں۔پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں اسپیکر بابر سواتی کی صدارت میں صوبائی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس تین گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا جبکہ پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد ایوان کی کارروائی دیکھنے آئی تو سٹیڈیم کے دروازے بند کردیے گئے۔کے پی اسمبلی نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے مقدمات کے فوری سماعت کی قرارداد اکثریت سے منظور کرلی۔ قرارداد میں لکھا گیا کہ یہ ایوان عدالت عظمی سے مطالبہ کرتا ہے کہ بانی اور اہلیہ کے خلاف دائر تمام مقدمات کی سماعت میرٹ پر شروع کی جائے، مقدمات روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے اور فیصلہ کیا جائے۔رائے شماری کے دوران پیپلز پارٹی کے اراکین نے قرارداد کی مخالفت کی۔کے پی اسمبلی نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ سے ملاقات پر عائد پابندی اور طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف قرارداد اکثریت سے منظور کرلی۔یہ قرار داد حکومتی رکن افتخار اللہ جان نے پیش کی۔ جس میں مطالبہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو ہر قسم کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔حکومتی رکن اسمبلی طفیل انجم کی جانب سے افغانستان کی صورتحال پر قراداد پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں تاکہ غلط فہمی کا خاتمہ ہو سکے، دونوں ممالک کے مابین تجارت کو جلد بحال کیا جائے۔قرارداد میں کہا گیا کہ کشیدگی کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان 2 ارب ڈالر کی تجارت متاثر ہو رہی ہے اس کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔متن میں لکھا گیا کہ دونوں ممالک کے مابین کشیدگی سے خیبرپختونخوا متاثر ہو رہا ہے‘۔حکومتی رکن اسمبلی ڈاکٹر امجد نے ملک میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف قرارداد پیش کی، جس میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت پیٹرول کی قیمت پر کنٹرول کرئے میں ناکام ہوچکی ہے جبکہ عالمی منڈی میں 90 ڈالر فی بیرل کم ہونے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہیں کی جارہی ہیں۔