ایشین گیمز: 700 گرام وزن نے بھارتی فائٹر کو فائنل سے باہر کردیا

ایشین گیمز: 700 گرام وزن نے بھارتی فائٹر کو فائنل سے باہر کردیا

ناگویا: ایشین گیمز 2026 کے خواتین کے روایتی 60 کلوگرام مکسڈ مارشل آرٹس مقابلے کے سیمی فائنل میں بھارتی فائٹر سوچیکا تاریال کو انتہائی ڈرامائی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جہاں مقابلہ برابر رہنے کے بعد کم وزن کے اصول نے سنگاپور کی ٹفنی ٹیو کو فائنل میں پہنچا دیا۔

مقابلے کے مقررہ دو راؤنڈز میں دونوں فائٹرز کے درمیان سخت مقابلہ ہوا اور ججز کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکے۔ دونوں فائٹرز کے اسکور برابر رہنے کے بعد فیصلہ ایک منٹ کے اوور ٹائم راؤنڈ میں چلا گیا۔اوور ٹائم کے اختتام پر دو ججز نے ٹفنی ٹیو کے حق میں جبکہ ایک جج نے سوچیکا تاریال کے حق میں فیصلہ دیا، جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر سنگاپور کی فائٹر کو فاتح قرار دیا گیا۔ بھارتی ٹیم نے اس فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے باضابطہ چیلنج دائر کردیا۔اعتراض کے بعد مقابلے کا دوبارہ جائزہ لینے کے لیے ثالثی کا عمل شروع کیا گیا۔ نئے ججز کی جانب سے مقابلے کی دوبارہ جانچ کے بعد بھی نتیجہ برابر قرار پایا۔اس کے بعد مقابلے کے قوانین کے تحت دونوں فائٹرز کے صبح کے وزن کو بنیاد بنایا گیا۔ رپورٹس کے مطابق سوچیکا تاریال کا وزن تقریباً 59.2 کلوگرام جبکہ ٹفنی ٹیو کا وزن 58.5 کلوگرام تھا، یعنی سنگاپور کی فائٹر تقریباً 700 گرام کم وزن تھیں۔

کم وزن رکھنے والی فائٹر کو فاتح قرار دینے کے اصول کے تحت ٹفنی ٹیو کو سیمی فائنل کی فاتح قرار دے دیا گیا اور وہ فائنل میں پہنچ گئیں، جبکہ سوچیکا تاریال کو کانسی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔مقابلے کے فیصلے کے بعد سوچیکا جذباتی ہوگئیں اور میدان میں ہی رو پڑیں۔ بھارتی ٹیم کی جانب سے فیصلے پر اعتراض کے باوجود قوانین کے مطابق کم وزن کی بنیاد پر نتیجہ ٹفنی ٹیو کے حق میں برقرار رہا۔یہ ایشین گیمز میں مکسڈ مارشل آرٹس کا پہلا ایڈیشن ہے، جس میں اس کھیل کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے۔ سوچیکا تاریال کا کانسی کا تمغہ ایشین گیمز میں بھارت کا مکسڈ مارشل آرٹس میں پہلا تمغہ بھی بن گیا ہے۔دوسری جانب ٹفنی ٹیو نے فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جہاں ان کا مقابلہ ازبکستان کی خیلولا سوبیرووا سے ہوگا۔