36 نئے افسران ، اہلکار تعینات کئے جائیں گے، تصدیق کا عمل تیز ، شفافیت بھی بہتر ہوگی
اسلام آباد (آن لائن) وزارتِ خارجہ نے شہریوں کی سہولت اور دستاویزات و اپوسٹائل کی تصدیق کے عمل کو مزید شفاف، تیز اور مؤثر بنانے کے لیے اہم اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مقررہ مدت میں تصدیق کا عمل مکمل کرنے اور درخواستوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کرنے کے لیے وزارتِ خارجہ میں تقریباً 36 نئے افسران اور اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے عملے کی تعیناتی کا مقصد اپوسٹائل اور دیگر دستاویزات کی تصدیق میں لگنے والے وقت کو مزید کم کرنا ہے، جبکہ اس اقدام سے شہریوں کو بروقت خدمات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقررہ مدت میں اپوسٹائل اور دستاویزات کی تصدیق کے لیے مزید اسٹاف رکھا جائے گا۔ نئے عملے کے انتخاب کا عمل شفافیت اور مروجہ قوانین و ضوابط کے مطابق جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق نئی بھرتیوں کے بعد وزارتِ خارجہ میں اپوسٹائل اور دستاویزات کی تصدیق کا عمل مزید تیز ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں شفافیت بھی بہتر ہوگی، جس سے شہریوں کو دستاویزات کی تصدیق کے لیے کم وقت درکار ہوگا