جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک نے اپنی ون ڈے انٹرنیشنل ریٹائرمنٹ واپس لے لی ہے اور انہیں پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز میں شامل کیا گیا ہے۔
اس سے قبل وہ نمیبیا کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلیں گے۔ڈی کوک نے 2023 ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہا تھا اور ان کا آخری وائٹ بال میچ 2024 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل تھا جو بارباڈوس میں کھیلا گیا۔ اگرچہ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی سے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا تھا، وہ کسی بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے، لیکن اس دوران دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں مصروف رہے، جس میں حالیہ سی پی ایل بھی شامل ہے۔جنوبی افریقہ کے ہیڈ کوچ شکری کونراڈ نے تصدیق کی کہ ڈی کوک نے دوبارہ قومی ٹیم کے لیے کھیلنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا، "کوئنٹن کی واپسی ہمارے لیے بہت بڑا بونس ہے، ہر کوئی جانتا ہے کہ وہ ٹیم میں کس معیار کا اضافہ کرتے ہیں۔"
اعداد و شمار کے مطابق ڈی کوک نے 155 ون ڈے میچوں میں 6770 رنز بنائے، اوسط 45.74 اور اسٹرائیک ریٹ 96.64 رہا۔ انہوں نے 92 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 2584 رنز اسکور کیے، اسٹرائیک ریٹ 138.32 کے ساتھ۔ وہ تین ورلڈ کپ (2015، 2019 اور 2023) کھیل چکے ہیں، جبکہ رواں سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی واحد ٹورنامنٹ تھا جس سے وہ ریٹائرمنٹ کی وجہ سے باہر رہے تھے، جس میں جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں ہار گیا تھا۔