پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ایک بڑا برآمدی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان 81 لاکھ ڈالر مالیت کا فروزن بون لیس بیف یو اے ای کو برآمد کرے گا۔
یہ معاہدہ پاکستان کی معروف بیف ایکسپورٹ کمپنی "دی آرگینک میٹ کمپنی لمیٹڈ" (TOMCL) اور یو اے ای کی کمپنی "گولڈ کریسٹ ٹریڈنگ FZE" کے درمیان ہوا ہے۔ کمپنی نے معاہدے کی تفصیلات پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو بھی فراہم کر دی ہیں۔معاہدے کے تحت برآمد ہونے والا گوشت فروزن بون لیس بیف ہوگا، جو متحدہ عرب امارات میں صنعتی اور گھریلو پراسیسنگ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
"دی آرگینک میٹ کمپنی" نے حال ہی میں Operational Excellence Audit میں 94.89 فیصد اسکور حاصل کیا، جس سے بین الاقوامی سطح پر کمپنی کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ اس معاہدے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ براہِ راست برآمد ہے، یعنی اس میں کسی درمیانی ادارے یا ایجنٹ کی ضرورت نہیں پڑے گی، جس سے کمپنی کو مزید منافع اور کنٹرول حاصل ہوگا۔
یہ اقدام پاکستان کی گوشت کی برآمدات کو بڑھانے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ملک کی پہچان مضبوط کرنے کے لیے اہم سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے۔