نور زمان کا اپ سیٹ، عالمی نمبر 4 کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

نور زمان کا اپ سیٹ، عالمی نمبر 4 کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

پاکستان کے نوجوان اسکواش کھلاڑی نور زمان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا میں جاری پی ایس اے گولڈ سلیکون ویلی اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

 انہوں نے دفاعی چیمپئن اور عالمی نمبر 4 مصری کھلاڑی کریم عبدالجواد کو شکست دے کر ایونٹ کا بڑا اپ سیٹ کردیا۔کیلیفورنیا کے شہر ریڈووڈ سٹی میں کھیلے گئے مقابلے میں 22 سالہ نور زمان نے 52 منٹ کے سخت مقابلے کے بعد کریم عبدالجواد کو 1-3 سے ہرایا۔ نور زمان نے میچ میں 9-11، 7-11، 11-9 اور 6-11 کے اسکور سے کامیابی حاصل کی۔مجموعی طور پر ایک لاکھ 43 ہزار 500 ڈالر کی انعامی رقم والے اس ایونٹ میں نور زمان کی کامیابی کو پاکستانی اسکواش کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

ٹاپ کھلاڑیوں کو شکست دینے کے لیے تیار ہوں، نور زمان
میچ کے بعد نور زمان نے کہا کہ وہ ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل تیار تھے اور اب وقت آگیا ہے کہ وہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو شکست دیں۔پشاور سے تعلق رکھنے والے نور زمان سابق عالمی چیمپئن قمر زمان کے پوتے اور 2025 کے انڈر 23 عالمی چیمپئن ہیں۔ انہوں نے حالیہ مہینوں میں مسلسل عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پانچ پی ایس اے ٹائٹلز اپنے نام کیے اور عالمی درجہ بندی میں ٹاپ 30 کھلاڑیوں میں جگہ بنائی۔کریم عبدالجواد جیسے تجربہ کار کھلاڑی کو شکست دینا نور زمان کے لیے ایک اہم کامیابی ہے، جبکہ کوارٹر فائنل میں رسائی انہیں ٹورنامنٹ میں مزید آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرے گی۔

محمد اشعب عرفان ایونٹ سے باہر
دوسری جانب پاکستان کے ایک اور کھلاڑی محمد اشعب عرفان پری کوارٹر فائنل میں مصر کے محمد الشوربگی کے خلاف کامیابی حاصل نہ کرسکے۔ انہیں 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔