پاکستان مخالف بھارتی فلم ’’ اڑتا تیر‘‘ پر نیپال میں نمائش پر پابندی

 بھارتی فلم کو ریلیز سے قبل ہی عالمی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے:غیر ملکی میڈیا
ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار آیوشمان کھرانہ اور اداکارہ سارہ علی خان کی آنے والی فلم اڑتا تیر کو پاکستان مخالف ہونے پر شدید تنقید کا سامنا ہے، جبکہ نیپال نے فلم کو عوامی نمائش کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فلم کو ریلیز سے قبل ہی عالمی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے نیپال کی وزارتِ مواصلات و اطلاعاتی ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ مرکزی فلم سنسر بورڈ قومی سنیما (پروڈکشن، نمائش اور تقسیم ایکٹ کے تحت اس بھارتی فلم کو ملک میں نمائش کی اجازت نہیں دے سکتا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس قانونی شق کے تحت سنسر بورڈ ایسی فلموں یا ان کے حصوں کو نمائش کی منظوری نہیں دے سکتا جو ملکی سلامتی، امن و امان یا دوست ممالک کے ساتھ نیپال کے خوش گوار تعلقات کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتے ہوں، قانون میں اس نوعیت کی دیگر بنیادی شقیں بھی شامل ہیں۔نیپالی سنسر بورڈ نے جانچ کے لیے پیش کردہ مواد کا جائزہ لینے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا کہ فلم کا مواد قانون کے تحت ممنوعہ زمرے میں آتا ہے۔واضح رہے کہ آکاش کوشک کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 23 اکتوبر کو بھارتی سنیما گھروں میں ریلیز ہو گی۔