اسلام آباد ہائیکورٹ ، علیمہ کیخلاف انکوائری کی تفصیل طلب

زلفی بخاری کی بہن کی درخواست پرنوٹس ،جائیداد نیلامی کا عمل روکنے کا حکم 
توہین عدالت کیس میں عمر ایوب اور شبلی کوانسداد دہشتگردی نے طلب کر لیا
اسلام آباد، لاہور ،فیصل آباد (خصوصی رپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے خلاف ایف آئی اے کی انکوائری سے متعلق تفصیلی رپورٹ اگلے ہفتے طلب کر لی۔جسٹس انعام امین منہاس نے استفسار کیا کہ تفصیلی رپورٹ جمع کروانی تھی، کہاں ہے؟ جس پر ایف آئی اے حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ انکوائری تاحال جاری ہے اور رپورٹ جمع کروانے سے متعلق ہدایت نہیں ملی،عدالت نے ایف آئی اے کو انکوائری کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے زلفی بخاری کی جائیداد نیلامی کے نیب کے فیصلے کے خلاف بہن سکینہ بخاری کی درخواست پر فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے جائیداد نیلامی کا عمل روکنے کا حکم دے دیا اور جائیداد نیلامی کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔کیس کی سماعت نومبر کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے مبینہ انتخابی دھاندلی پر احتجاج کے کیس میں طلبی کے باوجود عدالت پیش نہ ہونے پر پی ٹی آئی رہنما علی بخاری، عامر مغل اور دیگرکے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔پی ٹی آئی رہنما علی بخاری، عامر مغل اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش نہ ہوئے ، دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ کی عدالت نے پی ٹی آئی کارکنوں کو پاپو ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت سنائی گئی سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں میں آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت ہرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔گذشتہ روزسماعت کے دوران پولیس کی جانب سے مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، جس پر جج افضل مجوکہ نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔انسداد دہشت عدالت فیصل آباد کی جانب سے توہین عدالت کیس میں پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب اور شبلی فراز کو طلب کرلیاگیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ملٹری کسٹڈی،ملٹری کورٹ کی تمام کاروائی اور کورٹ مارشل کیخلاف حسان نیازی کی درخواست پر سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کیجسٹس شہباز رضوی نے سابق ایم این اے بریگیڈیئر ریٹائرڈ جاوید اکرم کی ملٹری کورٹ سے سزا اور ریکارڈ فراہمی کی درخواست پرسماعت بغیر کارروائی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نیگلبرگ میں پولیس کی گاڑیاں اور مسلم لیگ نون کا آفس جلانے کے 2 مقدمات کے جیل ٹرائل کی سماعت آج تک ملتوی کردی،ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری سمیت دیگر زیر حراست رہنمائوں کی جیل میں حاضری مکمل کی گئی ،جرح مکمل ہونے اور حتمی بحث کے بعد فیصلہ سنا دیا جائیگا۔ایڈیشنل سیشن جج ساجدہ احمد چودھری نیصوبائی وزیر کی جعلی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے کیس میں سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید کی درخواست ضمانت پر سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کردی۔