کسی ایک تنظیم کیخلاف نہیں جو مسلح ہوگا یا چندہ جمع کرے گا اس کیخلاف کارروائی ہوگی محسن نقوی

وزیراعظم   اورفیلڈ مارشل  بہت محنت سے کام کررہے ہیں جس کی وجہ سے ہمیں کامیابیاں مل رہی ہیں،  ہمیں متحد رہنے کی ضرورت ہے:وزیرداخلہ
ایم کیوایم  کواہمیت دینا خوش آئند ہے، ہم افواج پاکستان کا ساتھ دیتے رہیں گے:خالد مقبول صدیقی‘کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے  وفاقی حکومت کسی ایک خاص تنظیم کیخلاف کارروائی نہیں کررہی بلکہ جو مسلح ہیں اْن کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔کراچی میں گورنر ہاؤس میں کامران ٹیسوری اور ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ میڈیا سے مشترکہ گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا  گورنرصاحب بہت چاہت سے بلاتے ہیں اوران کے یہاں کا حلیم بہت مزیدارہوتا ہے جسے میں چھوڑ نہیں سکتا۔انہوں نے کہا وزیراعظم شہباز شریف  اورفیلڈ مارشل عاصم منیر دونوں بہت محنت سے کام کررہیہیں جس کی وجہ سے ہمیں کامیابیاں بھی مل رہی ہیں، بس اب ہمیں متحدہ رہنے کی ضرورت ہے۔ ہم سب کا مشن ہے کہ ہم ملک کوآگے لیکرجائیں۔ محسن نقوی نے کہا  سوشل میڈیا پریہ بات کی جارہی تھی  کسی ایک تنظیم کیخلاف وفاقی حکومت کام کررہی ہے۔ ہم تمام علمائے کرام کا احترام کرتے ہیں تاہم یہ جو اسلحہ کیساتھ آئے گا ہم اس سے نمٹیں گے اس کے علاوہ جو چندہ جمع کرتے تھے آپ کوپتہ چل جائیگا کہ ان کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا  جب ٹی وی کھولیں تو تویہ ہی نہیں پتہ چلتا آپ کون سے شہرمیں ہیں، آپ کا نام بھی محسن ہے اس لیے آپ سب کے محسن ہیں، جب ایشوز کسی کے بھی درمیان ہوں توانھیں دعوت دی جاتی ہے کہ آپ مسئلہ حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔وزیراعظم شہبازشریف کی سپیڈ سب سے زیادہ تھی مگر اب وہ کہتے ہیں  محسن نقوی کی سپیڈ زیادہ ہے۔ ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ اور وفاقی وزیرتعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا  ایم کیوایم پاکستان کواہمیت دینا خوش آئند ہے، ہم افواج پاکستان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔وزیر داخلہ محسن نقوی ہمارے مسائل سنتے ہی نہیں بلکہ ان کو حل بھی کراتے ہیں ، امید ہے کہ وفاقی وزیر کراچی میں امن و امان کی صورتحال کی بہتری کے لئے کام کریں گے۔محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو جلد دور کرلیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں امن و امان کی بہتری کے لئے بھرپور کام کریں گے۔