واسا ڈیجیٹلائزیشن کیلئے خصوصی ٹیم کا باضابطہ کام شروع

تمام واسا ایجنسیاں پنجاب واسا سینٹرل کنٹرول روم سے منسلک کی جائیں گی
لاہور(سٹاف رپورٹر سے) سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت پنجاب واسا ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے ڈیجیٹلائزیشن منصوبے پر بریفنگ دی۔ ترجمان کے مطابق واساڈیجیٹلائزیشن کے لیے خصوصی ٹیم نے باضابطہ طور پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ ٹیم آئی ٹی، انجینئرنگ، فنانس اور جی آئی ایس کے ماہرین پر مشتمل ہے، جو واسا کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کام کرے گی۔خصوصی اجلاس میں پورے پنجاب میں واسا ایجنسیوں کے نیٹ ورک کو وسعت دینے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق تمام واسا ایجنسیوں کی کارکردگی کے باقاعدہ جائزے کا نیا نظام متعارف کرایا جائے گا، جبکہ صوبے بھر کی تمام واسا ایجنسیاں پنجاب واسا سینٹرل کنٹرول روم سے منسلک کی جائیں گی۔ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق صارفین کی شکایات کے فوری اور فول پروف حل کے لیے جدید خودکار نظام اپنایا جا رہا ہے۔ مزید برآں، تمام پمپنگ سٹیشنز پر سکاڈا سسٹم کی تنصیب بھی یقینی بنائی جائے گی، جس سے حقیقی وقت میں نگرانی ممکن ہو سکے گی۔ترجمان کے مطابق واسا کی گاڑیوں اور مشینری کی مؤثر نگرانی کے لیے ٹریکنگ سسٹم بھی تشکیل دیا جائے گا۔