ڈیجیٹل بینکس اور فِن ٹیک ادارے مالی شمولیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں: محمد اورنگزیب
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے ڈیجیٹل بینکس اور فِن ٹیک ادارے مالی شمولیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اس سلسلے میں حکومت کی سطح پر مضبوط ہم آہنگی قائم کی گئی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے وزارتِ خزانہ میں اینٹ انٹرنیشنل اور ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔وفد میں اینٹ انٹرنیشنل کے صدر اور اینٹ گروپ کے سینئر نائب صدر مسٹر ڈگلس فیگن، ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے چیئرمین مسٹر عرفان وہاب خان اور ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر جہانزیب خان شامل تھے۔ وزیرخزانہ نے بتایا کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ادائیگیوں کے نظام اور سرکاری لین دین کی ڈیجیٹلائزیشن جیسے اہم شعبوں پر واضح اہداف کے ساتھ کام جاری ہے، تاکہ کیش پر انحصار کم ہو اور معیشت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے