عالمی رینکنگ میں 205ویں پوزیشن یو ای ٹی تعلیمی و تحقیقی کاوشوں کا ثبوت ہے‘گورنر سردار سلیم حیدر خان
لاہور (یواین پی) یو ای ٹی لاہور میں 32ویں کانووکیشن کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت گورنر پنجاب و چانسلر سردار سلیم حیدر خان نے کی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور یونیورسٹی کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے خوشی کے اس موقع پرفارغ التحصیل طلبہ، ان کے محنت کش والدین اور درخشاں فیکلٹی کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انکا کہنا تھا کہ آج طلبا کی عظیم کامیابی کو منانے کا دن ہے جنہوں نے نہ صرف اپنی تعلیمی صلاحیتوں کا شاندار اظہار کیا ہے بلکہ مستقبل کی قیادت، تحقیق اور خدمتِ خلق کے سفر کی بنیاد بھی رکھ دی ہے۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔وائس چانسلر نے کہا کہ یو ای ٹی کے فارغ التحصیل انجینئرز ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، اور انہیں چاہیے کہ وہ والدین اور اساتذہ کی محنت کا احترام کرتے ہوئے ملک کی خدمت میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر شاہد منیر نے یو ای ٹی میں جاری ترقیاتی کاموں، تحقیقی پیش رفت اور ادارے کو ملنے والے حالیہ اعلی اعزازات کا تفصیلی ذکر بھی کیا۔