ایک گھریلو خاتون نے پاکستان کے دوست ملک پر حملہ کیا، مریم نواز

ایک گھریلو خاتون نے پاکستان کے دوست ملک پر حملہ کیا، مریم نواز

ویب ڈیسک:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تونسہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل ایک گھریلو خاتون نے پاکستان کے دوست ملک پر حملہ کیا، اور ان کا یہ بیان انتہائی تشویش کا باعث ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ وہ یہ نہیں مان سکتیں کہ اس خاتون کو اپنے بیان کے نتائج کا اندازہ نہیں تھا، اور ان کا ایجنڈا خطرناک ہو سکتا ہے، جس کا ہمیں شاید مکمل طور پر اندازہ نہیں ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا ہمیں دشمنوں سے اپنی حفاظت کرنی چاہیے یا اپنے ہی لوگوں سے، جو اس طرح کے بیانات دیتے ہیں۔ مریم نواز نے اسلام آباد میں ہونے والے مسلسل احتجاجات اور دھرنوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اثرات کم ہو گئے ہیں اور عوام بار بار احتجاج اور دھرنوں کی کالوں پر کان نہیں دھرتے۔کچھی کینال کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اس منصوبے کی بحالی سے بلوچستان کی زمینیں آباد ہوں گی اور وہاں خوشحالی آئے گی۔

 انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا آغاز نواز شریف کے دور میں ہوا تھا اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں یہ منصوبہ تکمیل کے قریب پہنچا۔مریم نواز نے پاکستان کی حالیہ اقتصادی صورتحال پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے اب ہر روز اچھی خبریں آ رہی ہیں، اور آج اسٹاک مارکیٹ نے اپنے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ انہوں نے مہنگائی کے بارے میں کہا کہ اگرچہ مہنگائی کا جن واپس بوتل میں بند کرنا آسان نہیں ہے، لیکن اس میں کمی آئی ہے اور عوام کو اس سے کچھ راحت ملی ہے۔