پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 سالہ تکمیل، حکومت کا یادگاری سکے کا اجرا

پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 سالہ تکمیل، حکومت کا یادگاری سکے کا اجرا

پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر حکومتِ پاکستان نے ایک خصوصی یادگاری سکہ جاری کر دیا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی، اسٹریٹجک شراکت داری اور مختلف شعبوں میں تعاون کو اجاگر کرنا ہے۔

اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ 75 روپے مالیت کا یہ خصوصی یادگاری سکہ 25 مئی 2026 سے عوام کے لیے دستیاب ہوگا۔ یہ سکے اسٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن کے مخصوص کاؤنٹرز کے ذریعے حاصل کیے جا سکیں گے۔یہ یادگاری سکہ پاکستان اور چین کے تعلقات کی 75 سالہ تاریخی سفارتی وابستگی کی علامت کے طور پر جاری کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات نہ صرف سفارتی سطح پر مضبوط ہیں بلکہ تجارت، دفاع، توانائی، انفراسٹرکچر اور علاقائی تعاون کے مختلف شعبوں میں بھی گہرے روابط موجود ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد نوجوان نسل اور عوام کو پاکستان اور چین کی "آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ" کی اہمیت سے آگاہ کرنا بھی ہے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان موجود اعتماد اور تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔یادگاری سکے کے اجراء کو سفارتی حلقے پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی کی علامت کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔