اوورلوڈنگ اور غیر قانونی بس اڈے برداشت نہیں :سی ٹی او

لاہور(کرائم رپورٹر) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر اوورلوڈنگ، اوورچارجنگ اور غیر قانونی بس اڈوں کے قیام کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے بس اونرز ایسوسی ایشنز اور ٹرانسپورٹرز کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق صرف PSV لائسنس ہولڈرز کو پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت ہوگی جبکہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے اور بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے والوں کے خلاف صرف چالان نہیں بلکہ مقدمات درج کیے جائیں گے۔ ملاقات میں ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ٹرانسپورٹرز کے وفد نے غیر قانونی بس اسٹینڈز، تجاوزات اور ون وے کی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈا ئون پر سی ٹی او لاہور کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ غیر قانونی بس اسٹینڈز اور بے جا بس اسٹاپس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سی ٹی او لاہور نے خبردار کیا کہ بابوصابو چوک، نیازی شہید چوک اور شاہدرہ چوک میں مستقل طور پر بسیں کھڑی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین سے آگاہی دینے کیلئے خصوصی ریفریشر کورسز کرانے کی پیشکش بھی کی اور کہا کہ ٹریفک کے بہا ئو میں رکاوٹ بننے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ٹرانسپورٹرز کے وفد نے یقین دہانی کرائی کہ غیر قانونی اقدامات کے خلاف مکمل تعاون کیا جائے گا جبکہ سی ٹی او لاہور نے ہدایت کی کہ تمام ڈرائیورز اپنے ڈرائیونگ لائسنس، روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ ہمراہ رکھیں۔