ویب ڈیسک: بھارتی اداکارہ راکھی ساونت نے ایک بار پھر عمرہ کی سعادت حاصل کی۔
راکھی ساونت، جنہوں نے دوسری شادی کے لیے اسلام قبول کیا تھا اور اپنا نام فاطمہ رکھا تھا، اب بھی اپنے پرانے نام سے ہی پہچانی جاتی ہیں اور خود بھی اپنا نام راکھی لے کر مخاطب کرتی ہیں۔ اسلام قبول کرنے کے بعد یہ اداکارہ پہلی بار عمرہ کی سعادت حاصل کر چکی ہیں اور اب دوبارہ ماہ صیام کے بابرکت مہینے میں عمرہ ادا کرنے کے لیے سعودی عرب آئی ہیں۔
راکھی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر کچھ پوسٹس شیئر کیں، جن میں انہیں مکہ مکرمہ میں طواف کرتے، دعا مانگتے، اور لوگوں سے ملاقات کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ایک ویڈیو کلپ میں راکھی کو خانہ کعبہ کے سامنے سفید عبایا میں دعا مانگتے ہوئے دکھایا گیا، جبکہ دوسری ویڈیو میں وہ ننھے عمرہ زائر کے ساتھ 'لَبَّيْكَ اللہهُمَّ لَبَّيْكَ' کی تسبیح یاد کر رہی ہیں۔
راکھی ساونت نے صفائی پر مامور اسٹاف کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں اور آخری ویڈیو میں وہ سیاہ عبایا میں غلاف کعبہ کو چھوتی ہوئی نظر آئیں۔اس سے قبل، راکھی نے اعلان کیا تھا کہ وہ 10 پاکستانیوں اور 10 بھارتیوں کو عمرے پر بھیج رہی ہیں۔ اداکارہ نے کہا تھا کہ وہ ہر سال اپنی آمدنی کا ایک مخصوص حصہ جنوبی ایشیا میں انسانی فلاح و بہبود کے کاموں کے لیے وقف کریں گی، چاہے وہ کسی بھی مذہب یا پس منظر سے تعلق رکھتے ہوں۔راکھی ساونت بھارتی شوبز انڈسٹری کی ایک متنازع شخصیت ہیں اور ان کی ذاتی زندگی ہمیشہ موضوع بحث رہی ہے۔