بلوچستان میں امن کی بحالی کیلئے کردار ادا کروں گا:نوازشریف

 جلد بلوچستان کا دورہ کروں گا‘ صوبے کے مسائل کا حل صرف  جمہوری طریقے سے ممکن ہے:صدر ن لیگ کی سپریم کورٹ بار کے صدر سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد (آن لائن)سابق وزیر اعظم نوازشریف سے سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے صدر میاں محمد رؤف عطا نے ملاقات کی ہے،وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف،  اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے، جبکہ صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ہمراہ  عطا اللہ لانگو، صدر بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، کوئٹہ بھی موجود تھے۔ صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر سے بطور ایک سینئر اور تجربہ کار سیاستدان درخواست کی  وہ قومی سیاسی قائدین، خاص طور پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کا اقدام کریں تاکہ صوبے کے مسائل کے حل پر قومی اتفاق رائے قائم کیا جا سکے۔جاری اعلامیہ میں بتایاگیاہے  میاں محمد نواز شریف نے  بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھانے اور صوبے میں امن کی بحالی کے لیے جو بھی کردار ادا کرنا پڑے، اسے نبھانے کا وعدہ کیا اور جلد بلوچستان کا دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ صوبے کے مسائل کا حل صرف اور صرف جمہوری طریقے سے ممکن ہے۔  مزید برآں، انہوں نے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کی کوششوں کی مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔