نواز شریف سے سابق وزیراعلی بلوچستان عبدالمالک بلوچ کی ملاقات ‘ صدر ن لیگ نے وفد کوظہرانہ دیا‘نوازشریف نے بلوچستان جانے کی یقین دہائی کرائی ہے:عبدالمالک
آئی ایم ایف پروگرام میں ہوتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی آسان کام نہیں تھا، عوامی ریلیف، ملکی خدمت ہی ن لیگ کی روایت ہے: قائد ن لیگ کی اویس لغاری سے گفتگو
لاہور(آئی این پی‘یو این پی)سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن)کے صدر میاں نواز شریف نے بلوچستان کی صورتحال میں کردار ادا کرنے کی حامی بھرلی۔ رپورٹ کے مطابق نواز شریف سے سابق وزیراعلی بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے لاہور میں ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے خواتین کی گرفتاری اور دیگر مسائل پرگفتگو کی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر مالک نے کہاکہ صوبے کے عوام کو نوازشریف سے مسائل کے حل کی امیدیں ہیں، بلوچستان کے مسائل کے حل کیلیے مل کر کام کرنا ہوگا، نواز شریف نے صوبے کی صورتحال میں کردار ادا کرنے پرآمادگی ظاہر کی ہے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ نوازشریف اور دیگرکا شکرگزار ہوں کہ روایت کے مطابق ہمارا استقبال کیا، ہم نے نواز شریف کو کہا کہ بلوچستان کی صورتحال پر ان کا کردار بہت اہم ہے۔سابق وزیراعلی نے کہا کہ ملاقات میں بلوچستان میں جاری دھرنے اور جیلوں میں قید لوگوں سمیت سیاسی معاملات پر تفصیلی بات کی ہے، نواز شریف اس معاملے پر کردار ادا کرنے کے لیے راضی ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے بلوچستان جاکر لوگوں سے ملاقات کرنے کی یقین دہانی کرائی، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اس کو سیاسی طریقے سے حل ہونا چاہیے۔اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ تفصیلی ملاقات میں بلوچستان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی،ڈاکٹر صاحب نے خیالات سے آگاہ کیا، ڈاکٹر صاحب نے درخواست کی کہ نواز شریف کواپنا کردارادا کرنا چاہیے۔سعد رفیق نے کہا کہ نوازشریف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ بلوچستان میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے‘دریں اثناء نواز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام میں ہوتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی آسان کام نہیں تھا، ماری جماعت نے عوام کے ریلیف اور ملک کی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے، یہی ہماری روایت ہے یہی ہماری سیاست ہے۔نواز شریف نے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری سے ملاقات کی اور بجلی کی قیمتوں میں کمی پر مبارک دی۔نواز شریف نے اویس لغاری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی آسانی میرے دل کا سکون ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں ہوتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی آسان کام نہیں تھا، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ عوام سے کئے وعدے پورے ہو رہے ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام کے ریلیف اور ملک کی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے، یہی ہماری روایت ہے یہی ہماری سیاست ہے۔