روس نے رات بھر 301 یوکرینی ڈرونز گرانے کا اعلان کیا

روس نے رات بھر 301 یوکرینی ڈرونز گرانے کا اعلان کیا

روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے رات کے وقت ہونے والے حملوں کے دوران یوکرین کے درجنوں ڈرونز مار گرائے ہیں، جبکہ ماسکو کے اطراف میں ایمرجنسی سروسز کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ یوکرین کی جانب سے دارالحکومت ماسکو کی طرف بھیجے گئے تقریباً 60 ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق مختلف علاقوں میں ڈرون گرنے کے بعد امدادی اور ہنگامی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں، تاہم فوری طور پر کسی بڑے نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔دوسری جانب روسی وزارتِ دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجموعی طور پر روسی فضائی دفاعی نظام نے رات بھر میں 301 یوکرینی ڈرونز کو مار گرایا۔ وزارت کے مطابق دفاعی نظام نے مختلف علاقوں میں حملوں کو ناکام بنایا اور صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے یوکرین کی جانب سے ماسکو کے آئل ریفائنری پر بھی حملے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ڈرون حملوں میں شدت دیکھی جا رہی ہے۔ حالیہ پیش رفت سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے