یوئیفا صدر نے فیفا سے اختلافات کے باعث ورلڈکپ فائنل میں شرکت نہیں کی ،رپورٹ

میامی(سپورٹس ڈیسک )یوئیفا کے صدر الیگزینڈر چیفرن نے فیفا کے ساتھ بڑھتے ہوئے اختلافات کے باعث ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں شرکت نہیں کی۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق معاملے سے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں عالمی اداروں کے درمیان ٹورنامنٹ کے دوران ڈسپلنری فیصلوں، ریفری انتظامات اور میچ آپریشنز سے متعلق متعدد معاملات پر شدید اختلافات پیدا ہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق سب سے بڑا تنازع فیفا کی جانب سے امریکی فارورڈ فولارین بالاگون کے ریڈ کارڈ کے باوجود خودکار ایک میچ کی پابندی مخر کرنے کے فیصلے پر سامنے آیا۔یوئیفا نے اس اقدام کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ فیفا نے سرخ لکیر عبور کر لی۔چیفرن کی عدم موجودگی کی ایک اور وجہ صومالی ریفری عمر عبدالقادر آرتان کا معاملہ بھی تھا جنہیں امریکا میں داخلے کی اجازت نہ ملنے کے باعث ورلڈ کپ میں فرائض کی ادائیگی کا موقع نہیں مل سکا۔ بعد ازاں انہیں اگست میں یوئیفا سپر کپ کا ریفری مقرر کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق یورپی حکام نے ایران سے متعلق میچوں کے انتظامی معاملات، لازمی ہائیڈریشن بریکس اور فائنل میں ہاف ٹائم کے دورانیے میں اضافے جیسے فیفا کے نئے فیصلوں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔