6ماہ میں 4355 آپریشنز، 169 غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کا خاتمہ، 11219 مقدمات درج
لاہور (کرائم رپورٹر) ٹریفک پولیس کا تجاوزات کے خلاف بھرپور ایکشن جاری ہے۔ 4355 آپریشنز میں 11219 افراد کے خلاف مقدمات درج، 169 غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کا خاتمہ کیا گیا۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر محمد اطہر وحید کا "فرسٹ کلین اور پھر کلئیر" کا ویڑن ہے، جس پر عمل کرتے ہوئے ٹریفک پولیس لاہور متحرک ہے۔ ٹریفک پولیس نے چھ ماہ کے دوران انکروچمنٹ کے خلاف 4355 آپریشنز میں اب تک 11219 افراد کے خلاف مقدمات درج کروائے۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اب تک 169 سٹینڈز کو ختم کر دیا گیا۔ تجاوزات جو بھی قائم کرے گا، اس کے خلاف ایف آئی آر درج ہو گی اور گرفتار کیا جائے گا۔ سی ٹی او لاہور نے زونل ایس ایس پیز کو ان کے زون کا وزٹ کر کے فوری جائزہ لینے کا حکم دیا۔ ڈویڑنل ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو تجاوزات کے خلاف کارروائی کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ٹریفک کے نظام کو فعال رکھیں اور منظم بنائیں۔ ہمارا مقصد شہر کو انکروچمنٹ سے پاک کرنا ہے۔ تجاوزات کے خلاف کومبنگ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک شہر کو انکروچمنٹ سے مکمل طور پر پاک نہیں کر لیتے۔