14 منشیات فروش گرفتار

نواں کوٹ، ساندہ، ہنجروال اور شمالی چھاؤنی سے چرس، آئس، ہیروئن برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) منشیات فروشوں کے خلاف لاہور پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر اور ایس پی کینٹ کیپٹن (ر) قاضی علی رضا کی زیر نگرانی پولیس نے نواں کوٹ، ساندہ، ہنجروال اور شمالی چھاؤنی میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 14 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ نواں کوٹ، ساندہ اور ہنجروال پولیس نے ظہیر عباس، انضمام الحق، غلام شبیر، وقار، عظمت و دیگر کو گرفتار کیا، جبکہ شمالی چھاؤنی پولیس نے عمران، کاشان، عصمت، محمد علی و دیگر کو دھر لیا۔ ملزمان سے 10 کلو بھنگ، 6 کلو چرس، 1 کلو آئس، 410 گرام ہیروئن اور 4 کلو سے زائد چرس برآمد کی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان تعلیمی اداروں، ہاسٹلز اور مختلف آبادیوں میں منشیات فروخت کرتے تھے۔ ان کے خلاف مقدمات درج کر کے انویسٹی گیشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پیز نے کارروائیوں میں حصہ لینے والی ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو برباد کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، شہر بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت ایکشن جاری ہے۔