پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج، گرین شرٹس کیلئے سیریز بچانے کا امتحان

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی آج، گرین شرٹس کیلئے سیریز بچانے کا امتحان

ویب ڈیسک: پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ آج (منگل) کو میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں گرین شرٹس کو سیریز میں باقی رہنے کے لیے فتح حاصل کرنا لازم ہو گیا ہے۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان بنگلہ دیش نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی اور سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی تھی۔پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مکمل 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور صرف 110 رنز پر آخری اوور میں ڈھیر ہوگئی۔ بنگلہ دیش نے یہ ہدف صرف 16ویں اوور میں حاصل کر لیا، جس میں اوپنر پرویز ایمون نے 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔اب پاکستان کے لیے دوسرا میچ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ شکست کی صورت میں نہ صرف وہ سیریز ہار جائے گا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں پر دباؤ بھی مزید بڑھے گا، جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم آج کی فتح سے سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گی۔