کسی فرد یا گروہ کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ خود کو منصف، جیوری اور جلاد کے طور پر پیش کرے
اسلام آباد (یواین پی) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان نے بلوچستان میں پسند کی شادی پر جوڑے کے قتل کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر میاں محمد رؤف عطاء کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستا ن بلوچستان میں ایک بے گناہ اور معصوم عورت کے بہیمانہ قتل کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے، یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ان متعدد واقعات میں سے ایک ہے جہاں ایک بے گناہ خاتون کو ایک بار پھر نام نہاد غیرت کے نام پر قتل جیسے نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل کا شکار بننا پڑا۔یہ ایسوسی ایشن یہ بھی واضح کرنا چاہتی ہے کہ غیرت کے نام پر قتل کسی بھی صورت میں بلوچ یا کسی بھی صوبائی اور قومی ثقافت سے کوئی تعلق نہیں رکھتے، ان کا نہ تو کسی سماجی یا مذہبی روایت سے کوئی واسطہ ہے، اور نہ ہی یہ قانون یا آئینِ پاکستان کے تحت کسی طور جائز یا قابلِ قبول ہیں، اس قسم کے اقدامات خواتین کے خلاف بدترین تشدد کی نمائندگی کرتے ہیں جو اس جھوٹے تصور پر مبنی ہوتے ہیں کہ متاثرہ خاتون نے خاندان یا برادری کی عزت کو نقصان پہنچایا ہے