غذائیت سے متعلق نصاب میں اصلاحات کے منصوبے پر اشتراک عمل کا فیصلہ
لاہور(خصوصی رپورٹ)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ،ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز اور یونیسیف پنجاب نے غذائیت سے متعلق نصاب میں اصلاحات اور صحت کے ماہرین کی استعداد کار بڑھانے کے ایک منصوبے پر اشتراک عمل کا فیصلہ کیا ہے۔ جلد ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔ یو ایچ ایس میں ہونے والے اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید رٹھور، یونیسیف پنجاب کی ماہر غذائیت نجمہ ایوب، ڈی جی ہیلتھ سروسز کے مشیر غذائیت احتشام الحق، پرو وائس چانسلر پروفیسر نادیہ نسیم، اور دیگر سینئر ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب میں غذائی قلت صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ماہرین نے بتایا کہ صوبے میں 36 فیصد سے زائد بچے نشوونما کی کمی کا شکار ہیں اور غیر معیاری غذائی عادات ماں اور بچے کی صحت پر منفی اثر ڈال رہی ہیں۔منصوبے کے تحت میڈیکل، ڈینٹل، نرسنگ اور دیگر اتحادی صحت کے شعبوں کے نصاب میں غذائیت کو شامل کیا جائے گا۔