لاہور ( کرائم رپورٹر) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)کے سائبر کرائم نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی آرٹیفشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے ذریعے بنائی گئی جعلی تصاویر شیئر کرنے والے مزید 10 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے۔ان میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ایف آئی اے سائبر کرائم لاہور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد سرفراز چودھری اور ڈپٹی ڈائریکٹر زوار احمد پریس کانفرنس میں بتایاکہ اس معاملے پر اب تک 18 افراد کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹرکا کہناتھا ریاست اور معزز شخصیات کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔انہوں نے کہا تصاویر بنانے، شیئر اور کمنٹس کرنے والے ایف آئی اے کے ملزم ہیں لہٰذا تصاویر بنانے والے، شیئر، لائک اور کمنٹ کرنے والو ں کو بھی پکڑا جائے گا، اس معاملے میں ملزموں کی 4 کیٹگریز بنائی گئی ہیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر کا کہنا تھا ان ملزموں کو 5 سے 7 سال تک سزا ہوگی، سائبر کرائم قوانین کو مزید سخت بنارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا ملک سے باہر بیٹھ کر شر پسندی کرنے والوں کو پاکستان لائیں گے، شہباز گل اور عادل راجہ جیسے ملزموں کو پاکستان لانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم نے کہا لاہورمیں 6، فیصل آباد میں 5، گوجرانوالہ 1،ملتان میں 2، پشاور میں 3اور ایبٹ آباد میں ایک مقدمہ درج ہوا، ملزم جسمانی ریمانڈ پر ہیں اور 8جوڈیشل ہوگئے ہیں۔