واشنگٹن(آئی این پی )ایک طویل عرصے سے سائنسدان اس بات پر حیران ہیں کہ چاند کی تخلیق آخر کیسے ہوئی اور وقت کے ساتھ ساتھ اس میں تبدیلی کیسے آئی، اب چاند کو تلاش کرنے کے لیے نئے مشنز کی منصوبہ بندی کے ساتھ، سائنسدانوں کے ایک حالیہ مطالعے نے چاند کی ابتداء سے متعلق ایک نئی بصیرت فراہم کی ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق ایک مشہور نظریہ یہ ہے کہ چاند کا وجود اس وقت عمل میں آیا جب ابتدائی زمین اور پروٹوپلینیٹ تھیا کے درمیان تصادم ہوا،تاہم گوٹنگن یونیورسٹی اور میکس پلانک انسٹی ٹیوٹ فار سولر سسٹم ریسرچ کے محققین نے انکشاف کیا کہ چاند اس مواد سے بنا جو ایک بڑے واقعے کے دوران زمین کے اندرونی حصے سے باہر پھینک دیا گیا تھا۔تحقیق سے زمین کی تاریخ کے بارے میں بھی کچھ دلچسپ انکشاف ہوا ہے یعنی پانی کے مطالعہ سے معلوم ہوا کہ زمین پر پانی اپنے ابتدائی دنوں سے موجود رہا ہوگا۔