غلط لاٹری پر ناراض خاتون کا 56 کروڑ روپے کا انعام نکل آیا

واشنگٹن (نیٹ نیوز)  امریکہ کی ایک خاتون، جو لاٹری ٹکٹ کے غلط انتخاب پر ناراض تھیں اس وقت حیران رہ گئیں جب انہیں پتہ چلا کہ ان کا 20 لاکھ ڈالر (تقریباً 56کروڑ  روپے) کا انعام نکل آیا ہے۔ کیرولٹن کی رہائشی کیلی لنڈسے نے ایک مقامی سٹور سے مخصوص لاٹری ٹکٹ خریدنے کی درخواست کی تھی لیکن غلطی سے انہیں "منی بلیٹز سکریچ آف" ٹکٹ دے دیا گیا۔ابتدائی طور پر اس غلطی پر مایوس ہونے والی لنڈسے نے پارکنگ میں ہی ٹکٹ کو سکریچ کیا اور اس وقت حیران رہ گئیں جب انکشاف ہوا کہ انہوں نے 20 لاکھ ڈالر کا سب سے بڑا انعام جیت لیا ہے۔ لنڈسے نے انعام کی ادائیگی ایک ہی بار میں لینے کا انتخاب کیا جس کے تحت انہیں ٹیکس کٹوتی کے بعد 12 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی رقم ملی۔میٹرو کے مطابق اس انعام کو جیتنے کے امکانات 11 لاکھ 42 ہزار 400 میں سے ایک تھے۔ یہ انعام دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا اور ابھی تک دوسرے فاتح کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ اس کھیل میں کسی بھی انعام کو جیتنے کے امکانات 3.29 میں سے ایک ہیں۔یہ لاٹری ٹکٹ انہوں نے کیرولٹن میں واقع "ریس وے" گیس سٹیشن سے خریدا تھا۔ وہ آئل آف وائٹ کاؤنٹی میں رہتی ہیں جہاں گزشتہ سال ریاستی لاٹری سے کنڈرگارٹن سے 12ویں جماعت تک کی تعلیم کے لیے 37 لاکھ ڈالر کی رقم مختص کی گئی تھی۔ورجینیا لاٹری کی تمام آمدنی تعلیمی شعبے کو جاتی ہے اور گزشتہ سال اس سے 93 کروڑ 40 لاکھ ڈالر جمع کیے گئے جو ریاستی تعلیمی بجٹ کا 10 فیصد بنتے ہیں۔ جیت کے بعد کیلی لنڈسے کو ایک بڑے چیک کے ساتھ مسکراتے ہوئے تصویر کھنچواتے دیکھا گیا جس میں ان کے انعامی ٹکٹ کی تصویر بھی شامل تھی۔