7دنوں میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں 11فیصد کمی معاشی بحران میں مزید اضافے کا سبب بنے گی،رپورٹ
کابل (آئی این پی )امریکی امداد کی معطلی سے افغانستان معاشی بحران کا شکار ہوگیا اور ملک کی اقتصادی ترقی میں 7فیصد تک کمی متوقع ہے ۔افغانستان دنیا کے ان 8ممالک میں سے ایک ہے جس کی معیشت کا بڑا حصہ امریکی امداد پر منحصر ہے اور سینٹر فار گلوبل ڈویلپمنٹ کے مطابق، افغانستان کی 35فیصد غیر ملکی امداد یو ایس ایڈکی جانب سے فراہم کی جاتی ہے۔ سینٹر فار گلوبل ڈویلپمنٹ کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ تین سالوں میں امریکا نے افغانستان کو 3 ارب ڈالر سے زائد مالی امداد فراہم کی ہے اور امریکا افغانستان کا سب سے بڑا مالی معاونت فراہم کرنے والا ملک ہے۔ 2021میں افغان زر مبادلہ کے ذخائر 9.4 بلین ڈالر تھے جنہیں طالبان کے قبضے کے بعد عالمی اداروں نے منجمد کر دیا۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق افغان کرنسی کی قدر میں 7دنوں میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں 11فیصد کمی ہوئی جو معاشی بحران میں مزید اضافے کا سبب بنے گی۔گذشتہ سال کے اعداد و شمار کے مطابق افغانستان میں بے روزگاری کی شرح 14.39 فیصد تک بڑھ چکی ہے۔