پنجاب کو تاریخ، تہذیب اور سیاحت کا مرکز بنانے کا فیصلہ پوری دنیا کو پنجاب کا مہمان بنائیں گے:مریم نواز

سیاحتی  مقامات پر سفاری ٹرین چلے گی، ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائیگی ، نجی شعبے کے تعاون سے سیاحوں کو خصوصی ڈسکاؤنٹ ملے گا
تاریخ، تہذیب وثقافت، ہیروز اور روایات بھلانے والی اقوام مٹ جاتی ہیں، پنجاب کا تاریخی ورثہ اور ثقافت  سامنے لا رہے ہیں:وزیراعلی

لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلی مریم نوازشریف نے پنجاب کو تاریخ، تہذیب اور سیاحت کا ریجنل اور انٹرنیشنل مرکز بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے، ''میگنیفیسنٹ پنجاب'' (شاندار پنجاب) میگا ٹورسٹ منصوبے کا آغاز کردیا۔پنجاب کے 170 تاریخی مقامات کو عالمی معیار کے سیاحتی مراکزمیں تبدیل کرنے کا تاریخی قدم، فہرست میں شامل مقامات کی میپنگ مکمل کرلی گئی، 101 گردوارے اور 53 گرجا گھر بھی شامل ہیں۔پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں پانچ ماہ کی محنت سے وزیراعلی کے وژن کو عملی شکل دی گئی، مریم اورنگزیب نے متعلقہ وزیر کے طور پر تمام مجوزہ منصوبوں کی منظوری دے دی ۔پنجاب ٹورازم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی بنانے کا فیصلہ، باضابطہ منظوری کے لئے سمری کابینہ کو بھجوا دی گئی، تاریخ، ورثہ اور سیاحت سے متعلق تمام ادارے اتھارٹی کے ماتحت ہوں گے۔منصوبے کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے پہلی بار پنجاب ٹورازم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی ایکٹ 2024 بھی لاگو کر دیا گیا ہے۔پنجاب کی پہلی جامع ٹورسٹ پالیسی بھی تیار کر لی گئی ۔وزیراعلی نے پنجاب کے تاریخی مقامات کی تین مراحل میں بحالی کا منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرلیا، جولائی میں ٹینڈرنگ شروع کرنے کی ہدایت کی۔ پہلا مرحلہ جون میں جبکہ دیگر تاریخی مقامات کی بحالی دوسرے اور تیسرے مرحلے میں مکمل ہوگی ۔سیاحوں کی سہولت کے لئے ڈیجیٹل ایپ بھی تیار کر لی گئی، سیرو سیاحت کی تمام معلومات، راہنمائی اور خدمات موبائل فون پر دستیاب ہوں گی ۔وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ٹوریزم کی بحالی کے اس پروگرام کے ذریعے پنجاب کو  بہتریں ٹوریزم ڈیسٹینیشن بنائیں گے - پوری دنیا کو پنجاب کا مہمان بنائیں گے، پانچ دریاؤں کی دھرتی کے تہذیبی رنگ دکھائیں گے، پنجاب میں کئی مذاہب، زمانوں اور ثقافتوں کے دریابہتے آئے ہیں، ہماری تاریخ، ثقافت اور ورثہ کی حفاظت آنے والی نسلوں کی امانت ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف  نے کہا کہ برصغیر میں اناج کا گھر کہلا نے والا پنجاب، دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی روحانی تسکین کا گہوارہ بھی ہے، سیاحت کے فروغ سے معاشی ترقی میں مدد ملے گی، پنجاب اور پاکستان کا عالمی امیج دنیا میں نئی شان سے چمکے گا، اپنی تاریخ، تہذیب وثقافت، ہیروز اور روایات بھلانے والی اقوام مٹ جاتی ہیں، پنجاب کا تاریخی ورثہ اور ثقافت دنیا کے سامنے لا رہے ہیں