500افسروں کی ترقی کیلئے ڈی ایس بی اجلاس دوسری بار موخر

گریڈ 19میں ترقی کیلئے کل بلایا گیا اجلاس اب آئندہ ماہ جنوری میں ہوگا 
 آفس مینجمنٹ 150، ایڈمنسٹریٹو 250، پولیس کے 100افسر ترقی کے منتظر 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن کے ماتحت تین سروس کیڈر اور ایکس کیڈر کے 500 افسروں کی گریڈ 19 میں ترقی کے لیے ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ (ڈی ایس بی ) اجلاس دوسری مرتبہ موخر کر دیا گیا ہے، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے کل ( 23 دسمبر) کو بلایا گیا اجلاس موخر کر کے 6 جنوری 2026 کو بلانے کے احکامات دیئے ہیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے قبل ازیں 10 دسمبر کو ڈی ایس بی اجلاس منعقد کرنے کے احکامات دیئے تھے۔ آفس مینجمنٹ گروپ، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ اور پاکستان پولیس سروس کے 500 سے زیادہ افسران ایک سال سے گریڈ 19 میں ترقی کے لیے ڈی ایس بی اجلاس ہونے کے انتظار میں ہیں۔ مذکورہ اجلاس میں آفس مینجمنٹ سروس گروپ کے سیکشن افسران کو وفاقی وزارتوں میں سیکرٹریٹ سروس گروپ میں ڈپٹی سیکرٹری کی اسامی پر ترقی دی جاتی ہے۔ ڈی ایس بی اجلاس نہ ہونے کے باعث آفس مینجمنٹ سروس گروپ کے 150 ، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ کے 250 اور پاکستان پولیس سروس کے 100 کے قریب افسران گریڈ 19 میں ترقی کے منتظر ہیں۔