کوتاہیاں سب کی، مثبت انداز میں بات ہونی چاہیے، تنقید کو برداشت اور اختلاف رکھنے والوں کی رائے سننا ترقی کا واحد راستہ ہے
لاہور (آئی این پی)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے قومی سطح پر ڈائیلاگ اور سیاسی میثاق کی ضرورت ہے،سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے ساتھ کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ وہ لاہور میں ایک کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عدم استحکام کے ساتھ کوئی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ایسے فورمز وقت کی ضرورت ہیں، جہاں مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندے موجود ہوں، جن میں علما، مشائخ، صحافت، سیاست اور سول سوسائٹی شامل ہے، تاکہ اجتماعی سوچ سامنے آسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج ایک ایسے سیاسی میثاق کا متقاضی ہے جو کسی ایک فرد، جماعت یا گروہ کیلئے نہیں بلکہ پوری قوم اور آنے والی نسلوں کیلئے ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملک بنانے والے دنیا سے رخصت ہو گئے لیکن وطن کے ساتھ جو کچھ ہوتا رہا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ موجودہ حالات میں کھل کر بات کرنے اور جرات کے ساتھ مسائل پر گفتگو کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوتاہیاں سب کی رہی ہیں اور ان پر مثبت انداز میں بات ہونی چاہیے۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ تنقید کو برداشت کرنا اور اختلاف رکھنے والوں کی رائے سننا ترقی کا واحد راستہ ہے۔