ربیع الاول کے جلوسوں اور سکیورٹی انتظامات کی تیاریاں مکمل

ربیع الاول کے جلوسوں اور سکیورٹی انتظامات کی تیاریاں مکمل

ربیع الاول کے جلوسوں اور سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ شہر میں 11 ربیع الاول کو 19 جبکہ 12 ربیع الاول کو 52 جلوس برآمد ہوں گے، مجموعی طور پر 71 جلوس مختلف کٹیگریز میں نکالے جائیں گے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق، عید میلادالنبی ﷺ کے پر مسرت موقع پر سکیورٹی اور شہری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ میونسپل کارپوریشن شہر بھر میں لائٹنگ اور تزئین و آرائش کے انتظامات کرے گی، اور اہم شاہراہوں و عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔جلوسوں کے روٹس پر پیچ ورک اور اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کا کام جاری ہے۔ پولیس، ٹریفک پولیس، ایل ڈبلیو ایم سی اور دیگر اداروں کو اپنے فرائض مؤثر انداز میں انجام دینے کی ہدایات دی گئی ہیں۔عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ایک خصوصی کنٹرول روم فعال رہے گا، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 کی ٹیمیں، ایمبولینسز اور موٹر بائیک ایمبولینسز کے ساتھ الرٹ رہیں گی۔

انتظامیہ کے مطابق، 3 ہزار سول ڈیفنس رضاکار بھی سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ پولیس کے تمام تھانوں کی سطح پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔سکیورٹی پلان کے تحت، 11 ربیع الاول کو 5 ہزار اور 12 ربیع الاول کو 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور مربوط انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔