میلاد النبی ؐ شایان شان طریقے سے منانے کا حکم

 بڑے جلوسوں کے راستوں پر سبیلیں لگائی جائیں گی، سرکاری و نجی سکولوں میں محافل کی ہدایت
لاہور ( نیوز رپورٹر) محکمہ داخلہ پنجاب نے عید میلاد النبیؐ کے خصوصی اہتمام کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو ہدایات پر عملدر آمد کے حوالے سے مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق حکومت پنجاب عید میلاد النبیؐ مذہبی عقیدت و احترام اور شایان شان انداز میں منائے گی۔ صوبہ بھر میں عید میلاد کے بڑے جلوسوں کے راستوں پر سبیلیں لگائی جائیں گی، بڑی اور ممتاز عمارتوں، بینکوں اور دفاتر کو سبز برقی قمقموں سے روشن کیا جائے گا، جبکہ منگل 25 اگست بمطابق 11 ربیع الاول تمام سرکاری و نجی سکولوں میں محافل میلاد منعقد ہوں گی۔ مراسلے کے مطابق عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے سیرت طیبہ سمپوزیم کا انعقاد کیا جائے گا، پنجاب کی جیلوں میں ولادت باسعادت کی مناسبت سے اسیران میں مٹھائی تقسیم کی جائے گی۔ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر امن، رواداری اور باہمی اتحاد کے جذبے کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ بہترین سکیورٹی انتظامات کے لیے محکمہ داخلہ کی جاری کردہ ہدایات پر من و عن عملدر آمد یقینی بنایا جائے گا۔