متعدد اہم شاہراہوں اور مقامات پر ٹریفک کے دبا ئو میں کمی لائی گئی:ترجمان ٹریفک پولیس
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی زیر نگرانی صوبہ بھر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے جاری اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے، لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں شہریوں کے ٹریولنگ ٹائم میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں سال کے آغاز سے ہی ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے مختلف مہمات جاری ہیں، جن کے نتیجے میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں متعدد اہم شاہراہوں اور مقامات پر ٹریفک کے دبا ئو میں کمی لائی گئی ہے۔ ورلڈ ٹریفک انڈیکس کے مطابق لاہور ٹریولنگ ٹائم کے حوالے سے 149ویں نمبر پر آگیا ہے، جبکہ سال 2025 میں لاہور 129ویں نمبر پر تھا۔ ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں 1280 مقامات سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا گیا جبکہ 539 کنجیشن پوائنٹس پر ٹریفک کی روانی یقینی بنائی گئی۔ اسی طرح سڑکوں پر رانگ پارکنگ کے خاتمے اور پارکنگ کی سہولیات میں اضافے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ ادارہ جاتی اصلاحات، ڈیجیٹل مانیٹرنگ، م ئوثر قانون کے نفاذ اور روڈ انفراسٹرکچر میں بہتری سے ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ بہترین ٹریفک مینجمنٹ کے باعث شہری بروقت اپنی منزلوں تک پہنچ رہے ہیں۔ ورلڈ انڈیکس رپورٹ کے مطابق بدترین ٹریولنگ ٹائم کے حوالے سے لاس اینجلس تیسرے، شارجہ چوتھے، دہلی پانچویں اور ڈھاکہ ساتویں نمبر پر ہے، جبکہ استنبول 20ویں، ماسکو 29ویں، ٹورنٹو 50ویں، سڈنی 57ویں اور کراچی 64ویں نمبر پر ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے کہا کہ صوبہ بھر میں سڑکوں پر ٹریولنگ ٹائم مزید بہتر بنانے کے لیے جدید اقدامات جاری ہیں، تاہم ٹریفک کی روانی میں بہتری شہریوں کے تعاون سے مشروط ہے۔ بروقت منزل اور محفوظ سڑکیں ٹریفک پولیس کا عزم ہے۔