ٹریفک روانی میں بہتری کا منصوبہ

 چوراہوں کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ،ٹیپا نے ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کی تجاویز تیار کر لیں 
بند روڈ پر پیدل چلنے والوں اور موٹر سائیکل سواروں کے لئے اوورہیڈ بریج بنانے کا بھی منصوبہ ، 1 ارب 37 کروڑ 80 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کرنے کی سفارش 
لاہور ( کرائم رپورٹر ) ٹیپا نے ٹریفک روانی بہتر بنانے کے لئے شہر کے مختلف چوراہوں کو اپ گریڈ کرنے کی سمری تیار کر لی۔پنجاب حکومت سے 1 ارب 37 کروڑ 80 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کرنے کی سفارش کی گئی۔ ٹیپا نے عبدالقادر جیلانی روڈ، ریٹی گن روڈ، موہنی روڈ کی اپ گریڈیشن، بند روڈ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کے شدید دبا ئو، حادثات اور انفراسٹرکچر کی خرابی کے مسائل حل کرنے کی تجاویز تیار کی ہیں۔ پلان کے تحت پیدل چلنے والوں اور موٹر سائیکل سواروں کے لئے اوورہیڈ بریج بھی تعمیر کئے جائیں گے۔مجوزہ ترقیاتی کام اور ان کے لئے مختص فنڈز کرنے کی سمری بھی ارسال کی جائے گی۔ عبدالقادر جیلانی روڈ کی اپ گریڈیشن کے لئے 1 ارب 95 لاکھ ،ریٹیگن روڈ کی بہتری کے لئے 60 کروڑ روپے کا بجٹ رکھنے کی سفارش کی گئی، موہنی روڈ چوک کی بہتری کیلئے 2 ارب 50 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔ بند روڈ پر تاج غازی میرج ہال کے قریب پیدل چلنے والوں اور موٹر سائیکل سواروں کے لئے اوورہیڈ بریج کا منصوبہ بنایا گیا جس کی تعمیر کے لئے 2 ارب 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی۔ ساندہ بند روڈ پر بھی پیدل اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے اوورہیڈ بریج کی تعمیر پر 2 ارب 10 لاکھ روپے خرچ کرنے کی تجویز دی گئی۔ جیلانی روڈ، داتا دربار سے کارپوریشن چوک تک، بشمول ذیلدار روڈ کی اپ گریڈیشن اور بحالی کے لئے 88 لاکھ روپے کا بجٹ تجویزکیا گیا ، کچا رشید روڈ، بابا فرید روڈ سے ٹیپا روڈ تک کی بحالی کے لئے 20 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی۔ٹیپا کی جانب سے یہ منصوبہ پنجاب حکومت کو منظوری کے لئے بھیجا جائے گا۔