پاکستان اور بلوچستان کا حال ‘مستقبل ایک ہے ‘ ہمیشہ ایک رہے گا فیلڈ مارشل

  بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے‘فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے  استعمال ہونے والی  غیر ملکی سرپرستی یافتہ پراکسیز ہیں‘نوجوان معاشرے کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ ہیں
 ریاست کے غیرمتزلزل، پرعزم اور فیصلہ کن ردعمل سے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا، دشمن کے پروپیگنڈے کا جامع اور بلاجھجھک مقابلہ   اور جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب کیا جائیگا:  بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات  میں گفتگو
 پاکستان کے شام کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لئے  تعاون اور مشترکہ کوششیں ضروری ہیں :فیلڈ مارشل  کی شام کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں گفتگو‘ دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال
راولپنڈی(آئی این پی‘آن لائن )چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر  نے کہاہے  بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے، ریاست کے غیرمتزلزل، پرعزم اور فیصلہ کن ردعمل سے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی۔اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا، بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار عوام سے مالا مال ہے، بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیت اور مواقع کی کوئی کمی نہیں ہے۔چیف آف ڈیفنس فورسز کا کہنا تھا فتنہ خوارج اور فتن الہندوستان بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے استعمال ہونے والے غیر ملکی سرپرستی یافتہ پراکسیز ہیں، یہ بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لئے   غیر ملکی سرپرستی یافتہ پراکسیز ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان معاشرے کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ ہیں، ریاست کے غیرمتزلزل، پرعزم اور فیصلہ کن ردعمل سے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا، دشمن کے پروپیگنڈے کا جامع اور بلاجھجھک مقابلہ کیا جائے اور جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب کیا جائے۔چیف آف ڈیفنس فورسز کا کہنا تھا بلوچستان اور اس کے عوام کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور امنگوں کو اجاگر کیا جائے، بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے، امن و استحکام سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بروئے کار لائے جا سکتے ہیں۔دریں اثناء  پاکستان کے دورے پر موجود شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے اپنے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور سربراہ پاک فوج چیف آف ڈیفنس فروسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے تفصیلی ملاقات کیا ، جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فروسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کے دوران قرار دیا کہ پاکستان کے شام کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششیں ضروری ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے