پاک بحریہ کا فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے کروز میزائل تیمور کا کامیاب تجربہ

تیمور میزائل کو مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے‘کامیاب فائرنگ کے ذریعے جنگی قوت کا مظاہرہ‘ میزائل نے انتہائی درستگی کے ساتھ  ہدف کو نشانہ بنایا‘صدرِ ، وزیراعظم ، فیلڈ مارشل کی  مبارکباد
راولپنڈی (آن لائن‘آئی این پی )پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے کروز میزائل 'تیمور' کا کامیاب تجربہ کیا، جس کے ذریعے سمندر میں درست نشانہ لگانے اورآپریشنل تیاری کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق فضا سے سمندر پر فائر کئے گئے میزائل نے انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔ اس کامیاب تجربے سے پاک بحریہ کی سمندر میں درپیش خطرات اور اپنے اہداف کی طویل فاصلے پر نشاندہی کرنے اور فیصلہ کن انداز میں تباہ کرنے کی جنگی صلاحیت کی توثیق ہوتی ہے۔ پاک بحریہ کی جانب سے فضا سے سطح سمندر  پر مار کرنے والے میزائل تیمور کی فائرنگ کا مظاہرہ قومی دفاعی صلاحیت میں ایک اہم اضافہ ہے، جس سے پاکستان کی مسلح افواج کی روایتی میدان میں کثیرالجہتی مربوط دفاعی حکمت عملی اور صلاحیتوں کو مزید تقویت حاصل ہوئی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ قومی بحری مفادات اور اپنی  سمندری حدود کے دفاع کے لیے پر عزم  ہے۔صدرِ پاکستان، وزیراعظم پاکستان، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو اس اہم سنگِ میل کے حصول پر مبارکباد پیش کی۔