عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس انتقال کرگئے

 پوپ فرانسس کی عمر 88 برس  تھی‘ہسپتال میں زیر علاج بھی رہے‘صدر‘وزیراعظم کااظہار افسوس
روم(آئی این پی ) عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ویٹی کن سٹی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پوپ فرانسس 88 برس کی عمر میں پیر کی   صبح انتقال کر گئے۔پوپ فرانسس رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی رہنما تھے اور طویل بیماری کے بعد چند روز قبل ہی صحتیاب ہو کراسپتال سے ڈسچارج ہوئے تھے، پوپ فرانسس نے اتوار کو ایسٹر کے موقع پر لوگوں سے ملاقاتیں بھی کی تھیں‘وزیراعظم شہباز شریف  نے رومن کیتھولک چرچ کے پیشوا پوپ فرانسس کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے اور کہا کہ پاپائے روم اربوں انسانوں کو اچھائی کی ترغیب، امن و سلامتی کیلئے رہنمائی فراہم کرتے رہے‘ صدر مملکت آصف علی زرداری نے پوپ فرانسس کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ،صدر مملکت  نے پوپ فرانسس کے انتقال پر حکومت ِپاکستان اور عوام کی جانب سے ویٹیکن اور پوری کیتھولک کمیونٹی سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ پوپ فرانسس کو دنیا بھر میں امن، سماجی انصاف، بین المذاہب مکالمے اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کاوشوں کے لیے یاد رکھا جائے گا