کراچی: جمشید کوارٹر پولیس نے گھر میں گھس کر فائرنگ کے نتیجے میں خاتون کو قتل اور اس کی کمسن بیٹی کو زخمی کرنے کے واقعے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت فہیم اقبالی کے نام سے ہوئی ہے، جس نے اتوار کو جمشید کوارٹر تھانے کی حدود میں لسبیلہ سٹی ٹاور کے قریب واقع ایک گھر میں داخل ہوکر مبینہ طور پر فائرنگ کی تھی۔فائرنگ کے نتیجے میں 32 سالہ گل اندام، زوجہ رواج الدین جاں بحق ہوگئیں، جبکہ ان کی 9 سالہ بیٹی نسرین زخمی ہوگئی تھی۔ واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کی تھیں۔پولیس حکام کے مطابق زخمی بچی کے بیان اور جدید تکنیکی شواہد کی مدد سے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کی شناخت کی گئی۔ شناخت کے بعد پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فہیم اقبالی کو گرفتار کرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے دوران ملزم کے قبضے سے مبینہ طور پر واردات میں استعمال ہونے والا پسٹل اور ایمونیشن بھی برآمد کرلیا گیا ہے، جسے تفتیش کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے اور ملزم سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جارہی ہے۔ حکام کے مطابق واقعے میں کسی ذاتی تنازع، دشمنی یا دیگر ممکنہ محرک کے حوالے سے شواہد کا جائزہ لیا جارہا ہے۔جمشید کوارٹر پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ فائرنگ کے واقعے سے متعلق مزید شواہد اور ممکنہ معاونین کے بارے میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد واقعے کے محرکات اور دیگر حقائق سامنے لائے جائیں گے، جبکہ گرفتار ملزم کے خلاف قانونی کارروائی آگے بڑھائی جارہی ہے۔