زچگی کی چھٹی کے دوران خاتون کو نوکری سے نکالنے پر نجی کمپنی کو 10 لاکھ جرمانہ

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی نے خواتین کے حق میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے زچگی کی چھٹی کے دوران خاتون کو نوکری سے نکالنا صنفی امتیاز قرار دے دیا۔فوسپا نے زچگی کی چھٹی کے دوران خاتون کو نوکری سے نکالنے پرنجی کمپنی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی فوزیہ وقار نے زینب زہر ہ اعوان کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا اور نجی کمپنی کو ہدایت دی کہ وہ 8 لاکھ روپے متاثرہ خاتون کو معاوضے کے طور پر ادا کرے جبکہ 2 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کرائے جائیں۔فوسپا نے اپنے فیصلے میں کہا کہ برطرفی کا حکم کالعدم قرار دے کر زینب زہرہ کو ان کی ملازمت پر بحال کر دیا گیاہے۔وفاقی محتسب فوزیہ وقار نے کہا کہ ماں بننا کسی عورت کے کیریئر کیلئے رکاوٹ نہیں ہونا چاہیے، زچگی کے دوران نوکری کا تحفظ خواتین کا بنیادی حق ہے جبکہ محفوظ زچگی ہر عورت کا بنیادی حق ہے۔زینب کو زچگی کی چھٹی کے دوران ملازمت سے برخاست کردیا گیا تھا۔