پاکستان نے افغانستان، ایران اور روس کے ساتھ بارٹر ٹریڈ کے میکانزم میں ترامیم کر دیں

اسلام آباد ( آن لائن) پاکستان نے افغانستان، ایران اور روس کے ساتھ اشیاء  کے تبادلے کے میکانزم میں اہم ترامیم کر دی ہیں، جس سے بارٹر ٹریڈ کو مزید مؤثر اور کاروبار دوست بنایا جائے گا۔ وزارت تجارت نے نئی پالیسی کے تحت نیا بارٹر ٹریڈ فریم ورک متعارف کروانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری کے بعد نافذ کیا گیا۔نئی پالیسی کے تحت برآمد سے قبل لازمی درآمد کی شرط ختم کر دی گئی ہے، جس سے کاروباروں کو بیک وقت درآمد اور برآمد کی اجازت مل گئی ہے۔ اس کے علاوہ، نجی اداروں کو بارٹر ٹریڈ کے لیے کنسورشیم بنانے کی اجازت بھی دی گئی ہے اور بارٹر ٹریڈ کے لین دین کا دورانیہ 90 دن سے بڑھا کر 120 دن کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، مخصوص اشیاء کی فہرست ختم کرتے ہوئے عام ایکسپورٹ و امپورٹ پالیسی کے مطابق ہم آہنگ کر دیا گیا ہے۔