رفیع صحرائی
پاکستان اس وقت دہشت گردی کے خلاف ایک مشکل مگر فیصلہ کن جنگ لڑ رہا ہے۔ یہ جنگ محض چند مسلح گروہوں کے خلاف کارروائیوں کا نام نہیں بلکہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، قومی یکجہتی اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی جنگ ہے۔ دشمن مختلف حیلوں، سازشوں اور پراکسی گروہوں کے ذریعے وطن عزیز کے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہے، لیکن ہماری مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں نے جس جرا?ت، پیشہ ورانہ مہارت اور غیرمتزلزل عزم کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا ہے، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
خیبرپختونخوا میں 16 اور 17 نومبر کو سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گردوں کی ہلاکت ایک بڑی کامیابی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے ان آپریشنز نے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچایا ہے۔ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی بارودی مواد تیار کرنے والی بڑی لیبارٹری کی تباہی بھی غیرمعمولی کامیابی ہے۔ رہائشی مکانات کے اندر قائم اس ٹھکانے سے بھاری مقدار میں آئی ای ڈیز، کواڈ کاپٹرز اور دھماکا خیز مواد کی تیاری سے متعلق لٹریچر کی برآمدگی اس امر کا ثبوت ہے کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور شہری آبادی کو بھی استعمال کرنے سے گریز نہیں کرتے۔
ذرا تصور کیجیے کہ اگر یہ بارودی مواد کسی آبادی، بازار، سکول یا سکیورٹی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال ہوتا تو کتنے گھروں کے چراغ گل ہو سکتے تھے۔ دہشت گردوں کی ایسی لیبارٹریوں کا خاتمہ دراصل ان کے منصوبوں کو ناکام بنانے اور بے شمار بے گناہ شہریوں کی جانیں بچانے کے مترادف ہے۔ انٹیلی جنس اداروں کی بروقت اطلاعات اور سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ کارروائیاں اسی مؤثر دفاعی حکمت عملی کا حصہ ہیں جس کی آج پاکستان کو ضرورت ہے۔
یہاں ہمیں ان جوانوں کی قربانیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو اس جنگ میں اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں یا زخمی ہو کر زندگی بھر کے لیے اپنے جسم پر زخموں کے نشان سجائے وطن سے وفاداری کی داستان لکھ رہے ہیں۔ یہ کوئی اجنبی لوگ نہیں، یہ ہمارے اپنے بھائی، ہمارے بیٹے اور ہمارے خاندانوں کے چشم و چراغ ہیں۔ کسی ماں نے انہیں دعاؤں کے سائے میں پالا، کسی بہن نے ان کی کلائی پر محبت کا دھاگا باندھا، کسی باپ نے ان کے روشن مستقبل کے خواب دیکھے اور کسی بیوی نے ان کے ساتھ زندگی کے حسین خواب سجائے۔ مگر جب وطن کی حفاظت کا وقت آیا تو انہوں نے اپنی ذاتی خوشیوں اور خاندانی ذمہ داریوں سے بڑھ کر قومی فرض کو ترجیح دی۔
جب کسی فوجی جوان کی شہادت کی خبر اس کے گھر پہنچتی ہے تو صرف ایک خاندان نہیں بلکہ پوری قوم سوگوار ہوتی ہے۔ شہید کا جنازہ دراصل پوری قوم کی طرف سے اپنے محسن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع ہوتا ہے۔ اسی طرح زخمی ہونے والے جوانوں کی تکلیف بھی ہماری مشترکہ تکلیف ہے۔ ہمیں ان کے خاندانوں کی خبرگیری، علاج معالجے اور بحالی کو قومی ذمہ داری سمجھنا چاہیے۔ ان کے بچوں کی تعلیم اور مستقبل کے تحفظ کے لیے بھی ریاست اور معاشرے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ شہداء کے خاندانوں کو صرف تعزیتی بیانات نہیں بلکہ عملی سرپرستی اور مستقل تعاون درکار ہے۔ بے شک وطن کی خاطر جان قربان کرنے والا ہر شہید ہمارا ہیرو، ہر زخمی ہمارا بھائی اور ہر محافظ ہمارا فخر ہے۔
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ بلوچستان بھی اسی قومی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ تربت میں شہداء کی یادگار پر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھانا اور فاتحہ خوانی اس حقیقت کا اظہار ہے کہ وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے سپوت کبھی فراموش نہیں کیے جا سکتے۔ مشکل آپریشنل حالات میں جوانوں اور افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بلند حوصلے کو سراہنا بھی ان کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ ان کا بلوچستان کے عوام کے ساتھ امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے کھڑے رہنے کا عزم بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
ایک حقیقت ہمیں ہمیشہ پیش نظر رکھنی چاہیے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف پاک فوج یا سکیورٹی اداروں کی ذمہ داری نہیں۔ یہ پوری قوم کی جنگ ہے۔ فوج سرحدوں اور میدانوں میں دشمن کا مقابلہ کرتی ہے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے داخلی سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہیں، لیکن عوام کی حمایت، سیاسی قیادت کا اتفاق، قومی یکجہتی اور سماجی شعور اس جنگ کی کامیابی کے بنیادی ستون ہیں۔ ہمیں اپنے جوانوں کی پشت پر مضبوطی سے کھڑا ہونا ہوگا تاکہ دشمن کو واضح پیغام مل سکے کہ پاکستان کے عوام اپنی افواج کے ساتھ متحد ہیں اور ملک کی سلامتی کے معاملے پر کوئی تقسیم یا سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
بدقسمتی سے دہشت گردی کے معاملے پر بھی بعض اوقات سیاسی اختلافات، الزام تراشی اور غیرذمہ دارانہ بیانات قومی یکجہتی کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف ایک مشترکہ قومی مؤقف اختیار کریں۔ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، لیکن قومی سلامتی کے معاملات کو سیاسی مفادات کی نذر نہیں کیا جانا چاہیے۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر بے بنیاد پروپیگنڈا، سوشل میڈیا پر غیرمصدقہ اطلاعات کی تشہیر اور شہداء کی قربانیوں کو سیاسی بحث کا موضوع بنانا انتہائی افسوس ناک رویے ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ وہ مستند اطلاعات پر اعتماد کریں اور دشمن کے پروپیگنڈے کا حصہ بننے سے گریز کریں۔
دوسری طرف دہشت گردی کے مستقل خاتمے کے لیے صرف فوجی آپریشن کافی نہیں۔ دہشت گردوں کے مالی وسائل، سہولت کاروں، اسلحے کی فراہمی، مواصلاتی رابطوں اور بیرونی سرپرستی کے نیٹ ورکس کو بھی ختم کرنا ہوگا۔ سرحدی نگرانی مؤثر بنانا، انٹیلی جنس نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور پولیس و سول اداروں کی استعداد بڑھانا ناگزیر ہے۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام کو تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی بھی اتنی ہی اہم ہے۔ محرومیوں کا ازالہ اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا دہشت گردوں کے لیے ہمدردی اور بھرتی کی گنجائش محدود کر سکتا ہے۔
ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ دہشت گردی کا مقصد صرف چند جانیں لینا نہیں بلکہ قوم کے حوصلے توڑنا، سرمایہ کاری روکنا، معاشی سرگرمیاں
متاثر کرنا اور ریاستی اداروں پر عوام کا اعتماد کمزور کرنا ہے۔ لہٰذا ہر دہشت گردانہ کارروائی کا جواب قومی اتحاد، معاشی استحکام، بہتر حکمرانی اور مضبوط اداروں کی صورت میں بھی دیا جانا چاہیے۔
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، شہداء کے خاندانوں کا سہارا بنیں، زخمی جوانوں کی دلجوئی کریں اور سکیورٹی فورسز کے حوصلے بلند رکھیں۔ یہ جوان ہماری نیندوں کے محافظ ہیں۔ جب ہم اپنے گھروں میں سکون سے سوتے ہیں تو کہیں کوئی جوان سرد رات میں پہرہ دے رہا ہوتا ہے، کہیں کوئی افسر خطرات کے درمیان اپنے دستے کی قیادت کر رہا ہوتا ہے اور کہیں کوئی سپاہی اپنے وطن کی حفاظت کے لیے جان ہتھیلی پر رکھے کھڑا ہوتا ہے۔ ہمیں ان کی قربانیوں کی قدر کرنی ہوگی، کیونکہ وطن کی حفاظت کسی ایک ادارے کا نہیں، ہم سب کا فرض ہے۔ دشمن کو یہ پیغام واضح طور پر پہنچنا چاہیے کہ پاکستان کے دفاع کے لیے اس کی فوج بھی متحد ہے، اس کے ادارے بھی پْرعزم ہیں اور اس کے عوام بھی ایک ہیں۔ شہداء کا لہو ہم سے اتحاد، استقامت اور وفاداری کا تقاضا کرتا ہے۔ ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانا چاہیے۔ یہی وقت ہے کہ پوری قوم یک زبان ہو کر کہے: پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، دہشت گردی کے لیے کوئی گنجائش نہیں اور وطن کے محافظوں کے ساتھ ہماری محبت و وفاداری غیرمتزلزل ہے۔