پوزیشن ہولڈر طالبعلم ایک دن کیلئے پنجاب کا وزیر تعلیم بن گیا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )10 ویں جماعت میں اعلیٰ پوزیشن لینے والا طالبعلم ایک دن کیلئے پنجاب کا وزیر تعلیم بن گیا۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے عہدے کا چارج ایک دن کیلئے دسویں جماعت میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنیوالے ننکانہ صاحب کے رہائشی طالبعلم ابوذر کو سونپ دیا،ایک دن کا وزیر تعلیم ابوذر سرکاری گاڑی پر مکمل پروٹوکول کے ساتھ دفتر پہنچا تو افسروں نے اس کا بھرپور استقبال کیا۔ابوذر نے متعدد سرکاری امور نمٹائے، ان کی زیرِ صدارت تعلیم سے متعلق مختلف اجلاس منعقد ہوئے۔طالبعلم وزیر تعلیم نے تعلیمی معاملات اور سکولوں میں سہولتوں کے حوالے سے بریفنگ لی اور اس دوران افسروں کو ہدایات بھی جاری کیں۔ایک دن کے وزیرتعلیم ابوذر نے اجلاس میں سکالرشپ سکیم، غریب بچوں کی فیس معافی، اساتذہ کیلئے ٹرانسپورٹ سہولت کی فراہمی پر مشاورت کی اور بعدازاں پریس کانفرنس میں میڈیا کوبریفنگ دی۔ ابو ذر نے کہا کہ محکمے کو چلانا آسان نہیں ،بہت ذمہ داری والا کام ہے۔