بچوں کو جبری مشقت اور ذہنی و جسمانی استحصال سے بچانے کیلئے مزید موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے
ر اولپنڈی /اسلام آباد(آئی این پی )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ جد علی نقوی نے کہا ہے کہ اسلام صرف ایک مذہب نہیں مکمل ضابطہ حیات ہے ،جس نے انسانیت سے جڑے تمام پہلوئوں کے حوالے سے نہ صرف رہنمائی فرمائی بلکہ اس کی روحانی و معاشرتی تربیت کے ساتھ ساتھ ہر شعبہ زندگی کے لئے مکمل اور جامع نظام وضع کیا ہے ، اسلام نے اطفال کی تربیت پر خصوصی احکامات دیئے تاکہ معاشرہ صحت مند بنیادوں پر قائم رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے بین الاقوامی عالمی یوم اطفال کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کیا۔قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہاکہ ایک طرف دنیا عالمی یوم اطفال منارہی ہے مگر دوسری طرف ہزاروں بچے صہیونی و سامراجی قوتوں نے تہ تیغ کردیئے، خواتین، بزرگ شہریوں کیساتھ کم سن بچوں کا قتل عام نسل کشی عالمی امن کیلئے لمحہ فکریہ، انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے مگر افسوس اقوام عالم فلسطینی بچوں پر اسرائیلی مظالم کو روکنے میں ناکام دکھائی دیتی ہیں ۔ ساجد علی نقوی نے کہاکہ بچوں کو جبری مشقت اور ذہنی و جسمانی استحصال سے بچانے کیلئے مزید موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ بچے قوم کا مستقبل ہیں جسے سنوارنے کیلئے بہتر تعلیم و تربیت ضروری ہے ۔