ابتدائی 2 روز کے دوران اب تک ملک بھر میں 1 کروڑ 9 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل
اسلام آباد(آن لائن)ملک کے 79 مخصوص اضلاع میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم تیسرے روز بھی جاری رہی۔ابتدائی 2 روز کے دوران اب تک ملک بھر میں 1 کروڑ 9 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل کرلی گئی ہے ۔نیشنل ای او سی کے مطابق 79 مخصوص اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم 18 تا 24 مئی تک جاری رہے گی، پولیو مہم کے دوران تقریباً 1 کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں‘1 لاکھ 63 ہزار پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو معذوری سے محفوظ بنانے کے مشن میں مصروف ہیں۔ نیشنل ای او سی کے مطابق پنجاب میں 33 لاکھ 63 ہزار سے زائد بچوں‘سندھ میں 36 لاکھ 82 ہزار سے زائد‘خیبر پختونخوا میں 26 لاکھ 7 ہزار سے زائدبچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔بلوچستان میں 10 لاکھ 52 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔اسلام آباد میں 2 لاکھ 81 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، نیشنل ای او سی کے مطابق پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جو بچوں کو زندگی بھر کے لیے معذور کر سکتی ہے، پولیو ورکرز کے لیے اپنے دروازے کھولیں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلَوائیں، 5 سال تک کے ہر بچے کو اس اور آئندہ تمام پولیو مہمات کے دوران پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں،پولیو ٹیم سے رابطے کے لیے 1166 پر کال کریں یا 03467776546 پر واٹس ایپ پیغام بھیجیں۔