متحدہ کا وفاقی وزرا سے فیصلوں پر اعتماد میں نہ لینے پر اظہار ناراضی

 صوبے کبھی جاگیرداروں پر ٹیکس نہیں لگائینگے،گورنر ہائوس میں ملاقات کی اندرونی کہانی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ایم کیو ایم اور وفاقی وزرا کے درمیان گورنر ہائوس میں ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ایم کیو ایم نے وفاقی وزرا کے سامنے کئی معاملات پر تحفظات کا اظہار کیا۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے کیپٹو پاورپلانٹ کے ٹیرف بڑھانے، اسے صنعتوں سے الگ کرنے کی تجویزپرتحفظات کا اظہار کیا جب کہ ایم کیو ایم رہنمائوں نے وفاقی وزرا سے فیصلوں پر اعتمادمیں نہ لینے پر بھی ناراضی کا اظہار کیا۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم وفد نے کہا کہ حکومت اہم فیصلوں میں اتحادیوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرے،کیپٹو پاور پلانٹ کو ختم یا الگ کرنے سے صنعتی پیداوار، روزگار اور برآمدات میں کمی آئے گی۔وفاقی وزرا نے کہا کہ کیپٹو پاور پلانٹ سے متعلق فیصلہ 2021 کی کابینہ میں ہوا تھا۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم وفد نے کہا کہ آئی ایم ایف نے تو زرعی آمدنی پر بھی ٹیکس لگانے کا کہا ہے، آپ نے زرعی آمدنی پر ٹیکس کا معاملہ صوبوں کو دے کر جان چھڑائی، صوبے کبھی بھی جاگیر داروں اور وڈیروں پر ٹیکس نہیں لگائیں گے،کراچی کے مسائل الگ ہیں ، تاجروں کیتحفظات ہیں، ایم کیوایم کوکراچی کیتاجروں اور عوام کو جواب دینا ہے۔