ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون ضروری ہے، وزیر خزانہ

ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون ضروری ہے، وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی یومِ گلیشیئرز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی شراکت داروں اور اقوام متحدہ کا تعاون درکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2022 میں ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں پاکستان کے لیے موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتی ہوئی آبادی کو اہم مسائل قرار دیا گیا تھا، اور گلیشیئرز کے تحفظ کو قومی پالیسی میں مرکزی حیثیت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان میں 3,000 سے زائد گلیشیائی جھیلیں موجود ہیں جن میں سے 33 انتہائی خطرناک ہیں۔ ان جھیلوں کے پھٹنے کے خطرے سے 70 لاکھ افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ترقیاتی شراکت داروں اور اقوام متحدہ کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ 2022 میں آنے والے تباہ کن سیلاب اور بڑھتی ہوئی آلودگی نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ موسمیاتی خطرات کے بڑھتے ہوئے واقعات کو دیکھتے ہوئے ایک جامع حکمت عملی کی فوری ضرورت ہے تاکہ ان خطرات سے موثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔