پی ٹی آئی ارکان نے بانی کی تصاویر ایوان سے ہٹا دیں، ڈپٹی چیئرمین کی وارننگ کارگر

پی ٹی آئی ارکان نے بانی کی تصاویر ایوان سے ہٹا دیں، ڈپٹی چیئرمین کی وارننگ کارگر

اسلام آباد: سینیٹ میں جاری بجٹ اجلاس کے دوران پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی جانب سے سخت تنبیہ کے بعد بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کی تصاویر ایوان سے ہٹانا پڑ گئیں۔

ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی ارکان بجٹ سیشن کے دوران مسلسل اپنے ڈیسکوں پر عمران خان کی تصاویر رکھ کر احتجاج ریکارڈ کرا رہے تھے۔ ایوان میں ان تصاویر کی موجودگی پر بعض حکومتی ارکان کی جانب سے اعتراضات کیے گئے، جس پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے نوٹس لیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے واضح وارننگ جاری کی کہ اگر ارکان نے ایوان کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی اور غیر متعلقہ اشیاء لانے یا رکھنے سے باز نہ آئے تو ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وارننگ کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان نے عمران خان کی تصاویر ہٹا دیں، تاہم ذرائع کے مطابق ارکان نے یہ موقف اختیار کیا کہ وہ پارٹی قائد کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر یہ تصاویر رکھ رہے تھے۔دوسری جانب سینیٹ کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایوان کی کارروائی میں غیر پارلیمانی طرزِ عمل یا سیاسی اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، خاص طور پر ایسے وقت میں جب بجٹ جیسا اہم قومی معاملہ زیر بحث ہو۔